ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں جانوروں کی غیرقانونی سپلائی کے نام پر سنگھ پریوارکے کارکنوں کا احتجاج : شاہراہ کو روکنے کے بعد پولس تھانہ کا گھیراؤ

بھٹکل میں جانوروں کی غیرقانونی سپلائی کے نام پر سنگھ پریوارکے کارکنوں کا احتجاج : شاہراہ کو روکنے کے بعد پولس تھانہ کا گھیراؤ

Sat, 02 Sep 2017 21:21:09    S.O. News Service

بھٹکل:02/ستمبر (ایس اؤنیوز) بقرعید کے موقع پر بھٹکل میں ہزاروں غیر قانونی جانوروں کو ذبح کیا جارہاہے لیکن  پولس کسی بھی طرح کی قانونی کارروائی نہیں کررہی ہے۔اس بات  کاالزام عائد کرتے ہوئے ہندوجاگرن ویدیکے  کے کارکنوں نے کچھ دیر کے لئے احتجاجاً   شاہراہ  کو روک دیا۔

سرکیوٹ ہائوس کے باہر نیشنل ہائی وے پر جب روڈ بلاک کیا گیا تو اُس وقت سنگھ پریوار کے بمشکل 15/20 لوگ ہی موجود تھے،  ہائی وے کو بلاک کرتے ہی سرکل پولس انسپکٹر سریش نائک نے موقع پر پہنچ کر احتجاجیوں کو ہائی وے سے باہر کھینچا، جس پرناراض ان کارکنوں نے پولس کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی وائی ایس پی شیوکمار بھی  جائے وقوع پر پہنچ گئے اور احتجاجیوں کو سمجھانے کی کوشش کی، مگر  بعد میں یہی احتجاجی  ٹائون پولس اسٹیشن   پہنچ کر دھرنے پر بیٹھ گئے ۔ کچھ ہی دیر بعد پولس تھانہ میں احتجاجیوں کے ساتھ  بی جے پی لیڈران بھی شامل ہوگئے جنہوں نے مطالبہ کیا کہ  کاروار سے ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس کو یہاں بلایا جائے۔ بی جے پی لیڈرس اس بات پر آڑگئے کہ جب تک ایس پی نہیں آئیں گے، وہ یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔

اس دوران کچھ دیر کے لئے حالات کشیدہ ہوگئے۔ بعد میں ضلعی ایس پی ونائک پاٹل، ایڈیشنل ایس پی گوپال بیاکوڈ و غیرہ  ٹاون پولس اسٹیشن پہنچ گئے اور احتجاجیوں سے گفتگو کی۔اس موقع پر سنگھ پریوار کے کارکنوں نے ایس پی کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے سوال کیا کہ  بھٹکل میں کسی بھی سواری کے  داخلے کے لئے 3-3چک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں اس کے باوجود ہزاروں جانور غیر قانونی طورپر بھٹکل کیسے پہنچ گئے ؟ 

احتجاجیوں کے مطابق  ریاستی اعلیٰ پولس افسران نے غیرقانونی ذبح پر روک لگائی ہے، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ  غیر قانونی طورپر جانوروں کی سپلائی کو روکا جائے، مگر اس کے بائوجود بھٹکل میں جانوروں کو لاکر  فروخت کیاجارہاہے ان کا  قتل کیا جارہاہے، بی جے پی لیڈرس کے مطابق پچھلے کئی برسوں سے ہم غیرقانونی جانوروں کی سپلائی کے متعلق پولس محکمہ کو توجہ دلاتے رہے ہیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہورہاہے۔ایس پی ونائک پاٹل نے  احتجاجیوں کی شکایات کو سماعت کرنے کے بعد اس بات کا یقین دلایا کہ کسی بھی طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کو موقع نہیں دیا جائے گا اور پولس قانون کے مطابق کاروائی کرے گی۔ ایس پی کی جانب سے  قانونی کارروائی کا تیقن دینے کے بعد احتجاج ختم کیاگیا ۔ اس موقع پر بی جےپی کے گوند نائک، ایم جی نائک، پرمیشور دیواڑیگا، ایشور نائک، سنیل نائک، سبرائے دیواڑیگا، بھاسکر دئیمنے ، ہنومنت نائک، کمار ہیبلے ، لکشمن نائک، موہن سرپن کٹے ، ہندو جاگرن ویدیکے کے راگھونائک، دنیش نائک، سندیپ ، مونیش وغیرہ موجود تھے۔

تنظیم وفد کی ایس پی سے ملاقات: ہائی وے کو بلاک کرنے اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر،  امن میں خلل ڈالنے کی چند سنگھ پریوارکارکنوں کی کوششوں سے  ناراض مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے  ایک وفد نے سنیچر شام کو ضلع ایس پی ونایک پاٹل سے ملاقات کی ۔ وفد کی قیادت کرتے ہوئے تنظیم صدر ایڈوکیٹ جناب مزمل قاضیا  نے ایس پی کو بتایا کہ  بھٹکل میں مسلمان اپنے ہم وطن بھائیوں کے ساتھ بالکل بھائی چارگی اور امن وامان کے ساتھ  رہتے آرہے ہیں، یہاں کے سبھی لوگ مسلمانوں کے ساتھ بالکل پیار محبت سے رہتے ہیں،  گنتی کے کچھ لوگ ہی یہاں ہمیشہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش میں لگے  رہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ پولس اُن  لوگوں پر سخت کاروائی کرے تو بھٹکل میں امن و امان کی فضاء بحال رہ سکتی ہے۔ جناب مزمل قاضیا نے ہائی وے کو بلاک کرنے کی کوشش کرنے والے مٹھی بھر شرپسندوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہم اپنے ہم وطن بھائیوں  کے تہواروں کے موقع پر ہمیشہ تعائون کرتے آرہے ہیں، ہمارا ایک دوسرے کے ساتھ تعائون کرنا ضروری ہے، مگرا یسے میں ہمارے تہوار کے موقع پر کچھ لوگوں کا حالات کو بگاڑنے کی کوشش کرنا ناقابل برداشت ہے اور پولس کو چاہئے کہ ایسے لوگوں کے خلاف ایکشن لیں۔

بھٹکل میں امن و امان : ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع کے ایس پی ونائک پاٹل نے بتایا کہ بھٹکل میں حالات بالکل پرامن ہیں ۔ ہائی وے کو بند کرنے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے ہائی وے کو بند کرنے کی کوشش کی تھی مگر پولس نے فوری جائے وقوع پر پہنچ کر احتجاجیوں کو وہاں سے ہٹا دیا  ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی حرکتوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور جو بھی غیر قانونی کاموں میں ملوث ہوں گے، اُن کے خلاف پولس سختی کے ساتھ نپٹے گی۔


Share: